کئی سالوں کے بعد ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور میں آج (13.10.2013) "امن میچ" کے نام سے کرکٹ کا میچ کھیلا جا رہا ہے جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے چمکتے ستاروں انضمام الحق، شاہد خان آفریدی، شعیب اختر، عمر گل اور دوسرے کئی سینئرومایاناز کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ میرے خیال میں پچھلے دس سال سے ارباب نیاز سٹیڈیم میں کوئی کھیل نہیں کھیلا گیا اور نہ ہی پشاور کے باسیوں کو اجازت دی جاتی ہے کہ اس میدان کو استعمال کیا جائے۔ حالات چاہے کچھ بھی ہوں مگر کھیل کود کی سرگرمیوں کر ترک نہیں کرنا چاہئے کیونکہ یہ ایک صحت مند قوم کی علامت ہوتی ہے۔
بہت افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ پچھلے کئی سالوں سے پشاور کا علاقہ اس قسم کے کھیلوں سے محروم ہی رہا ہے۔ روز کی دہشت گردی، بم و خودکش دھماکوں اور دوسرے ناساز حالات کی وجہ سے پشاور کے شہری صرف اپنے گھروں تک ہی محدود ہوگئے ہیں۔ ثقافتی اور تفریحی تقریبات تو کئی سالوں سے ختم ہوگئے ہیں۔ ایسے حالات میں پشاور کے شہریوں کے لئے یہ کرکٹ میچ کسی نعمت سے کم نہیں۔ تحریک انصاف کو اس سلسلے میں داد دی جاتی ہے کہ اُنہوں نے ایک عرصے کے بعد ایک عمدہ تفریح پشاور کے رہنے والوں کو فراہم کی۔ تحریک انصاف نے صوبائی محکمہ کھیل کے تعاون سے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں امن میچ کے نام سے کرکٹ کا جو میچ منعقد کیا ہے یہ اُن کی نوجوانوں کے لئے کھیل اور تفریح کا ایک بڑا تحفہ ہے۔ آج جب کوئی گھر سے نکلنے کے لئے تیار نہیں ہوتا ایسے وقت میں 25ہزار شائقین کا ایک جگہ اکٹھے ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں کے باسی روز روز کی بدامنی سے تنگ آچکے ہیں اور واپس اپنی زندگی کی طرف جانا چاہتے ہیں۔ یہ صرف ایک میچ نہیں ہے بلکہ امن محبت اور بھائی چارے کا ایک پیغام ہے۔ افسوس اس بات کا ہے کہ کسی بھی ٹی وی چینل نے اس میچ کو نشر نہیں کیاجبکہ دو تین میراثیوں کو بٹھا کر وہ سارا سارا دن کبھی مارننگ شوز، کبھی ایونگ شوز کے نام پر اپنے قیمتی وقت کو ضائع کر رہے ہیں لیکن ایسے صحت مندانہ پروگرامز کو صرف ایک خبر کی حد تک ہی محدود رکھتے ہیں، یہ صرف ایک کرکٹ میچ تو نہیں ہے یہ تو امن کا پیغام ہے ۔ عمران خان ، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور کئی دوسرے وزیر اور اعلیٰ افسران بھی اس میچ کو دیکھنے کے لئے آئیں ہیں۔ اُمید کی جاتی ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت صوبہ میں امن کی بحالی کے لئے احسن اقدامات اُٹھائیں گے اور نوجوانوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنے میں بھرپور کردار اداکریں گے۔
ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد امن میچ کی یہ تصاویر فیس بک کے پیچ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن سے لی گئیں ہیں۔
اللہ پاکستان کو ہنستا بستا رکھے۔ آمین
ReplyDelete