ملک دشمن عناصر نے جہاں ضلع سوات کے امن وامان کو پامال کرتے ہوئے یہاں کی سیاحت کی انڈسٹری کو تباہ کردیا تھا وہاں پر اس ضلع کو کاروباری اور تجارتی لحاظ سے بھی بہت زیادہ متاثر کیا اور اربوں روپوں کا نقصان پہنچایا۔ جس طرح پاک آرمی ہر مصیبت میں پاکستانی عوام کی خدمت اور مدد کے لئے حاضر ہوتی ہے اُسی طرح سے سوات کو دوبارہ زندگی کی دوڑ میں شامل کرنے کے لئے بھی اُن کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، خواہ کھیل کود کے مقابلےہوں، تدریسی اداروں کے طلباء کے لئے پروگرامات ہوں یا سیاحت کے فروغ کے لئے کوششیں، سب اپنی جگہ قابل تعریف ہیں۔ اسی طرح سے پاک آرمی ملاکنڈ ڈویژن سوات میں مینگورہ کے مقام پر گراسی گراؤنڈ میں تین روزہ "سوات ٹریڈ ایگزیبیشن اینڈ سیمپوزیم" کا انعقاد کررہی ہے۔ جس کا مقصد مقامی ہنرمندوں کے تیار کردہ مصنوعات کو عالمی منڈی میں متعارف کروانا اور یہاں کی تجارتی اور کاروباری حلقے کو تقویت فراہم کرنا ہے۔ یہ تین روزہ نمائش 8 ستمبر سے 10 ستمبر تک مینگورہ میں گراسی گراؤنڈ کے مقام پر ہنڈا اٹلس اور گل احمد ٹیکسٹائل کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے۔
اس نمائش میں ضلع سوات کے ہنرمندوں کا لکڑی پر کیا جانے والا کام، اسلام پور اور دیگر علاقوں کاکھڈی پر ہاتھ سے بُنے جانے والے شالز، گرم اُونی کپڑوں کے ملبوسات ، یہاں پر پائے جانے والے قیمتی پتھروں اور چائنا مٹی سے بنے ظروف (برتن)کے ساتھ ساتھ یہاں پیدا ہونے والی سبزیوں، پھلوں اور اجناس کی نمائش بھی کی جائے گی۔ توقع کی جارہی ہے کہ اس نمائش سے یہاں کے ہنرمندوں کے کام کو دنیا بھر میں اُجاگر کیا جاسکے گا اور یہاں کے لوگوں کو روزگار کے مواقعوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ یہاں کے کاروبار اور تجاروت کو بھی ترقی ملے گی۔
اس نمائش میں بچوں اور فیملیز کے لئے تفریح کا اہتمام بھی کیا گیا ہے اور سپیشل میوزیکل پروگرام بھی اس نمائش کا حصہ ہے۔
آج کل سوات کا موسم بہت اچھا ہے اور سیاح حضرات کافی تعداد میں اس حسین وادی کی سیاحت سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ ابھی کچھ دن پہلے "سوات ٹورسٹ گالا" کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ سوات آنے اور یہاں قیام کے حوالے سے گزشتہ پوسٹ میں تفصیل سے بیان کیا جاچکا ہے۔
Swat Trade Exhibition & Symposium
0 comments:
Post a Comment