میرا پہلا روزہ، ماضی کے دھندلکوں میں جھانکتے ہوئے اُس پہلے روزے کو بہت ڈھونڈا مگر کچھ بھی یاد نہ آیا۔ شعیب صفدر بھائی نے بہت ہی مزے کی تحریر لکھ ڈالی، اپنے بچپن کی معصوم شرارتوں بھرے رمضان کی کہانی سنائی اور پھر ہمارا بھی امتحان لینے کیلئے اپنی تحریر کے آخر میں حکم صادر فرمایا کہ اب آپ لوگ بھی لکھو۔ میری بھی عجیب طبعیت ہے جب کوئی لکھنے کا کہتا ہے تو جیسےاُنگلیاں جام ہوجاتی ہیں، قلم کو زنگ لگ جاتا ہے، کی بورڈ سے الرجی ہوجاتی ہے اور ذہن پر ایک ایسا خول چڑھا لیتے ہیں جہاں لکھنے لکھانے کی سوچ بھی داخل نہیں ہوپاتی، خیر آج صبح جب کوثر بیگ صاحبہ کی تحریر پڑھی تو احساس ہوا کہ اب کچھ لکھ ہی لینا چاہئے کیونکہ وہ بھی اُس لسٹ میں تھیں جن کو لکھنے کا حکم ہوا ہے۔ مجھے اپنا پہلا روزہ یاد تو نہیں لیکن بچپن کی اور لڑکپن کی رمضان کی کچھ یادیں ماضی کی جھروکوں سے ڈھونڈ ڈھونڈ کر کچھ اُلٹی سیدھی تحریر کررہا ہوں یہاں۔
میرا بچپن مینگورہ(سوات) اور پھر داجی (اباجی) کی پوسٹ کی وجہ سے مردان، صوابی اور پشاور میں گزرا۔ مجھے یاد پڑرہا ہے کہ میرے بچپن میں جب میں سکول نہیں جایا کرتا تھا تب رمضان ایسی ہی شدید گرمیوں میں آیا تھا کیونکہ گھر میں جو برف کے بڑے بڑے ٹکڑے بازار سے آتے تھے وہ اور سرخ شربت روح افزاء خوشبو ابھی تک روح میں رچی بسی ہے اور افطار اس کے بغیر نامکمل ہی رہتا ہے۔ جب افطاری کا وقت قریب ہوتا تو گھر والے ہم بچوں کو چھوٹے چھوٹے برتنوں میں افطاری کی بہت ساری چیزیں دے کر چھت پر بھیج دیتے تھے۔ گھر میں میرے علاوہ میری بہن تھی جو اُس وقت بہت چھوٹی تھی۔ میرے محلے میں میری عمر کے اور بھی دوست تھے اور ہمارے گھروں کی چھتیں ایک دوسرے سے ملی ہوئی تھیں۔ گھر والے ہمیں افطاری کی اشیاء دے کر چھت پر بھیج دیتے تھے اور ہم سارے بچے مل ایک جگہ افطاری کیلئے بیٹھ جاتے تھے جبکہ بڑے گھروں میں تسلی سے بیٹھ کر افطاری کرتے تھے اور ہمارے جیسے شریر بچوں سے محفوظ رہتے تھے، پھر بھی وقفے وقفے سے چھت کی کچھی منڈیروں پر آکے کبھی شربت مانگتے، کبھی اچار، کبھی سالن اور کبھی فروٹ اور اسی چکر میں کئی دفعہ میں اس منڈیر سے گرا بھی ہوں کیونکہ ایک ہاتھ سمیت آدھا جسم نیچے لٹکا جُلاتے اور چلاتے ہوئے امی سے فرمائیشیں کیا کرتے تھے، مگر اچھی بات یہ تھی کہ چھت اتنی اونچی نہیں تھی ورنہ آج یہ پوسٹ آپ نہ پڑھ رہے ہوتے۔جیسے ہی افطاری کا وقت قریب ہوتا ہم سارے بچے ایک ہی جملہ بار بار زور زور سے اُونچی آواز سے دھراتے "بانگی روجے ماتی (بانگ دے، روجی ماتی( یعنی آزان ہو رہی ہے روزہ افطارکھول لو"۔ اس ایک جملے کے آگے بھی کچھ تھا جو مجھے اب یاد نہیں۔ سارے بچے کھیل کھیل میں چھتوں پر افطاری کرتے اور بڑے آرام سے گھرمیں برآمدے میں بیٹھ کر روزہ افطار کرلیتے۔ سوات میں سٹیٹ کے وقت سابق والئی سوات نے حکم کے مطابق عین افطاری و سحری کے وقت توپ داغا جاتا تھا (جیسے شہروں میں سائرن بجائے جاتے ہیں یا ڈھول والا ڈھول پیٹ کر اعلان کیا کرتا تھا یا کہیں کہیں نغارے بجتے تھے)جس کی آواز دور دور تک سنائی دیتی تھی۔ اس کے بارے میں سوات کے عام عوام نے پشتو زبان میں ایک چھوٹی سی نظم بنا ڈالی تھی جو میں یہاں اُردو رسم الخط میں تحریر کررہا ہوں
ڈز پہ مازیگر اوکہ
نغدی روپئی واخلہ
گل اندامے لہ پنڑے اوکہ
گل پہ دہ تیلے اوکہ
ترجمہ: جمعہ خان بھائی توپ داغ دو، اور وہ بھی سورج دھلتے وقت، یہ پیسے لے لو اور گل اندامہ کیلئے اس پہ کھسہ لے لو اور اُس پر تلے والے پھول بنو اکر۔
جمعہ خان اور سوات (سیدو شریف ) میں افطاری و سحری کے وقت توپ داغنے کی تاریخ جناب پروفیسر عثمان صاحب نے فیس بک پیج "سوات نامہ" پر کچھ یوں تحریر کی ہے کہ جمعہ خان سوات سٹیٹ کا ملازم تھا جو سوات سٹیٹ کے حکم پر سیدوشریف میں واقع "سوات فیکٹری" میں افطار اور سحر کے وقت ایک کھانے پکانے والے بڑے پتیلے نما سلور کے بنے بارودی مواد کے آلے سے توپ داغا کرتے تھے۔ جس میں بلیک گن پاؤڈر اور فیوز وائر استعمال ہوتی تھی۔ والئی سوات کے بنگلے کی مسجد کی آزان کے فوراً بعد بالیگرامہ (سیدوشریف) کے میدان میں اس فیوز وائر یعنی بتی کو آگ لگائی جاتی تھی اور توپ داغا جاتا تھا جس کا مقصد تمام علاقے میں ایک ساتھ روزہ کی افطاری اور سحری کرنا ہے۔
میرے داجی کی پوسٹنگ اُن دنوں مردان میں تھی، جب میرے سکول میں داخلےکی عمر ہوئی تو دادا کی حکم پر ہم لوگ داجی کے پاس مردان شفٹ ہوگئے۔ یہاں پر ایک رمضان ہی گزرا تھاپھر داجی کی پوسٹنگ صوابی ہوگئی وہاں پر ہمارا گھر آبادی سے بہت دور کوٹہ گاؤں کے مضافات میں ٹاپان گاؤں کے قریب، ایک کالج، ایک ہاسٹل اور ایک ہمارا گھر باقی وہاں جو کچھ تھا وہ فطرت کی خوبصورتی، جنگلی جانور، سنگلاخ و آدھ صحرائی خشک علاقہ۔ رمضان بہت سادگی سے گزرتا تھا، امی جو کچھ پکا لیتی تھیں وہ ہم لوگ بہت شوق سے کھالیتے تھے۔ نماز داجی کے ساتھ ہاسٹل میں پڑھتے اور جمعہ پڑھنے کیلئے دوسرے گاؤں "مینے" کئی میل پیدل راستہ طے کرکے جاتے تھے۔ اُن کچے پکے راستوں اور پگڈنڈیوں پر سفر میں ابھی تک نہیں بھولا۔ پھر جب پشاور آئے تب میں پانچویں کلاس میں تھا۔ یہاں پر پھر شہر کے مطابق سب کچھ ہونے لگا، امی طرح طرح کی پکوان بناتی تھی، مجھے کوکب خواجہ بہت اچھی لگتی ہیں کیونکہ امی صبح اُن کا پروگرام دیکھتی تھی اور افطاری میں دسترخوان طرح طرح کے کھانوں سے سجتا۔ تراویح کیلئے مسجد جانے لگے اور دوستوں سے مل کر خوب شرارتیں کرتے۔ روزہ افطار کرنے کے بعد تراویح کی بڑی شدت سے انتظار رہتا، اس مغالطے میں نہ رہئے کہ عبادت کیلئے جاتے بلکہ تراویح کی آخری قطاروں میں کھڑے ہوکر خوب شرارتیں کرتے مگر خاموش زبان سے۔ کبھی ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچ لیں، ایک دوسرے کے گریبانوں میں پیچھے سے پانی ڈال دیا، دھکے دینا اور سجدے میں ایک دوسرے کے ہاتھ کھینچنا تو عام سی بات تھی اور جب کسی ایک کی ہنسنے کی "کی کی" کی آواز نکلتی تو گویا سب بچوں کو کسی نے چابی دے دی اور پھر ایک نہ رکنے والا خاموش ہنسی کا سلسلہ شروع ہوجاتا جو مسجد کے ایک سرے سے شروع ہوکر دوسرے پر ختم ہوتا۔ پتہ نہیں بڑے کس صبر سے نماز پڑھتے مگر جیسے ہی سلام پھیرتے مسجد میں موجود چند لوگ مڑ کر بچوں کی وہ خبر لیتے کہ اللہ امان ہاں فائدہ اُن لڑکوں کو ہوتا جو مولوی صاحب کے سلام پھیرنے سے پہلے ہی رفو چکر ہوچکے ہوتے اور جو "بی بے" بچے (چچا مستنصر حسین تارڑ کے مطابق) اپنی رکعت پوری کرنے بیٹھے ہوتے اُن کی جو درگت بنتی وہ بس نہ ہی پوچھیں تو بہتر ہوگا۔ تراویح میں ختم قرآن شریف کے موقع پر پوری مسجد کو برقی قمقموں سے سجالیا جاتا تھا، دیگ چڑھائے جاتے، کولڈ ڈرنکس اور چائے بنوائی جاتی، مٹھائی بانٹی جاتی بس عید سے پہلے عید کا سما ہوتا تھا۔ پھر سب کچھ بدل گیا۔ مسجد میں صراط مستقیم پر چلنے والے مولوی صاحب آگئے(سخت مزاج والے) تراویح میں "باں باں" بچوں پر تقریباً پابندی لگ گئی یا سخت ترین سزا، ختم قرآن کی تقریبات منسوخ، پھر ہم بھی بڑے ہوگئے اور اب۔۔۔
ایک فرصت گناہ ملی وہ بھی چار دن
دیکھیں ہیں ہم نے حوصلے پروردگار کے
دنیا نے تیری یاد سے بیگانہ کردیا
تجھ سے بھی دلفریب غم روزگار کے
بحکم عالی حضرت جناب شعیب صفدر بھائی اب میں اپنے دیگر پانچ دوستوں کو درخواست کرتا ہوں کہ وہ بھی اپنے بچپن کے پہلے روزے کے متعلق کچھ تحریر کریں۔
My first fasting of ramazan/ramadan
بہت اچھا ۔۔۔۔ بہت سی یادیں میری بھی تازہ ہوگئی
ReplyDeleteآپ بھی کچھ لکھیں، اگر پہلا روزہ یاد ہے تو اُس کی تفصیل اپنے بلاگ پر تحریر کیجئے۔ پسندیدگی کا شکریہ
DeleteMr. Naeem very nice & beautiful post, you told the same story of a common kid living in a village or city.
ReplyDeleteThank you once again for refreshing our old memories.
Imran Shinwari
Thank you Imran, for reading and appreciation. Your words are very precious for me.
Deleteبہت خوبصورت تحریر ہے جناب
ReplyDeleteشکریہ جناب
DeleteWah Naeem bhai kuch yad na hoty huwy b buht zberdast tehreer likh dali...
ReplyDeleteDoor.draaz k ilaqy k rozy ki b achi khaka kashi ki
ہاہاہا سعد بھائی بس وہ دن یاد نہیں تھا جس دن پہلا روزہ رکھا تھا۔ شکریہ
Deleteایک مختلف بچپن اور مختلف یاد ماضی
ReplyDeleteشکریہ پزیرائی کا
Deleteمذہب، ثقافت و بچپن کی یادوں میں رچی بسی ایک عمدہ تحریر. شکریہ شیئر کرنے کا
ReplyDeleteپسندیدگی کا بہت شکریہ۔ اگر آپ حوصلہ افزائی نہ کرتے تو شاید میں کچھ نہ لکھ پاتا۔
Deleteبہت زبردست لکها بهائی بچپن کی یادیں ہر کسی کی بہت اچهی لگی ہیں خاص طور سے آپ جیسے شرارتی بچوں کیکیسے بچپن کی یادیں بهی سب کی مختلف ہوتی ہیں نا اچها لکها تحریر پڑهکر ...اللہ شاد و آباد رہیں
ReplyDeleteبہت شکریہ کوثر آپا، بچپن کی یادیں ہمارا بیش بہا خزانہ ہے
Deleteڈیرخو
ReplyDeleteډيره مننه روره
Deleteماشااللہ بہت کمال کی تحریر اور خوبصورت یادیں
ReplyDeleteآپ کے حکم کی گذشتہ روز ہی تکمیل کر دی گئی تھی
نجیب بھائی بہت شکریہ۔ میرے ٹیگ کئے ہوئے افراد میں صرف آپ نے تحریر لکھی ہے۔ مجھے بھی مزہ آیا آپ کے بچپن و جوانی کی یادوں کی۔ آپ کیلئے سلیم بھائی کے کمانٹس "چاکلیٹی ہیرو" بہترین ہیں۔
Deleteبہت مزے کی تحریر ہے۔ مجھے اپنا بچپن یاد دلادیا۔
ReplyDeleteماشاءاللہ بہت اچھا لکھا ہے
ReplyDeleteبچپن کی حسین یادوں کے بارے میں
یار آپ کا حکم سر آنکهوں پر لیکن میری یاداشت کمزور ہے
اور ہوں بهی پردیس میں
گهر میں ہوتا تو گهر والوں سے ہی پوچھ لیتا
کوشش کرتا ہوں لکھ سکا تو ٹهیک نہیں تو پیشگی معزرت
:)
ماشاءاللہ بہت اچھا لکھا ہے
ReplyDeleteبچپن کی حسین یادوں کے بارے میں
یار آپ کا حکم سر آنکهوں پر لیکن میری یاداشت کمزور ہے
اور ہوں بهی پردیس میں
گهر میں ہوتا تو گهر والوں سے ہی پوچھ لیتا
کوشش کرتا ہوں لکھ سکا تو ٹهیک نہیں تو پیشگی معزرت
:)
ماشاءاللہ بہت اچھا لکھا ہے
ReplyDeleteبچپن کی حسین یادوں کے بارے میں
یار آپ کا حکم سر آنکهوں پر لیکن میری یاداشت کمزور ہے
اور ہوں بهی پردیس میں
گهر میں ہوتا تو گهر والوں سے ہی پوچھ لیتا
کوشش کرتا ہوں لکھ سکا تو ٹهیک نہیں تو پیشگی معزرت
:)
شکریہ مصطفی بھائی، مجھے بھی کچھ یاد نہیں تھا بس بیٹھ گیا اور بات سے بات جڑتی گئی اور ایک تحریر بن گئی۔ آپ بھی کوشش کریں۔
Deleteاپنے اپنے علاقوں کی ثقافت اپنے اپنے رسوم وروج
ReplyDeleteبچپن کے روزوں کے حوالے سے "رنگ برنگی" تحریریں خوب سے خوب تر بلاگز پڑھنے کو مل رہے ہیں
بالکل اسلم بھائی، اور یہ سب کچھ شعیب بھائی کی بدولت ہوا ہے، اُنہوں نے ایک خوبصورت روائت ڈال دی کہ کسی خاص موقع پر تمام احباب اپنی یاداشت میں سے کچھ نہ کچھ تحریر کریں۔ میرے خیال میں اس طرح کی ایک تحریر عیدوں کے حوالے سے بھی ہونی چاہئے۔
Deleteپشتون ثقافت کی نمائندگی کرتا آپ کا یہ بلاگ قاری کے علم میں جہاں خاطرخواہ اضافہ کرتا ہے وہیں آپ کی چھوٹی چھوٹی خوشیاں اور شرارتیں بھی مسکرانے پر مجبور کر دیتی ہیں۔ ماؤں کے حوالے سے جس خاص بات نے دل موہ لیا وہ آپ کے الفاظ میں ۔۔۔
ReplyDeleteجب افطاری کا وقت قریب ہوتا تو گھر والے ہم بچوں کو چھوٹے چھوٹے برتنوں میں افطاری کی بہت ساری چیزیں دے کر چھت پر بھیج دیتے تھے۔ گھر میں میرے علاوہ میری بہن تھی جو اُس وقت بہت چھوٹی تھی۔ میرے محلے میں میری عمر کے اور بھی دوست تھے اور ہمارے گھروں کی چھتیں ایک دوسرے سے ملی ہوئی تھیں۔ گھر والے ہمیں افطاری کی اشیاء دے کر چھت پر بھیج دیتے تھے اور ہم سارے بچے مل ایک جگہ افطاری کیلئے بیٹھ جاتے تھے جبکہ بڑے گھروں میں تسلی سے بیٹھ کر افطاری کرتے تھے اور ہمارے جیسے شریر بچوں سے محفوظ رہتے تھے، پھر بھی وقفے وقفے سے چھت کی کچھی منڈیروں پر آکے کبھی شربت مانگتے، کبھی اچار، کبھی سالن اور کبھی فروٹ اور اسی چکر میں کئی دفعہ میں اس منڈیر سے گرا بھی ہوں کیونکہ ایک ہاتھ سمیت آدھا جسم نیچے لٹکا جُلاتے اور چلاتے ہوئے امی سے فرمائیشیں کیا کرتے تھے، مگر اچھی بات یہ تھی کہ چھت اتنی اونچی نہیں تھی ورنہ آج یہ پوسٹ آپ نہ پڑھ رہے ہوتے۔
یہ سب پڑھتے ہوئےاگر قاری اس لمحے کو محسوس بھی کرے تو کیا شاندار ایکٹیوٹی ہوتی ہو گی۔ مجھے اپنے بچپن کے کھیل یاد آگئے جب بھری دوپہروں میں دو کھڑی چارپائیاں جوڑ کو اوپر چادر ڈال کر گھر گھر کھیلتے تھے اوراسی طرح مل جل کر کھانا بناتے اور کھاتے تھے۔
بہت شکریہ پسندیدگی کا۔ آپ کے الفاظ میرے لئے قیمتی ہیں۔
Delete"بہت ہی خوبصورت یادیوں کا سلسلہ "
ReplyDeleteہر ایک کی رنگ برنگی یادادشتیں جیسے ہر جانب بچپن کی قوس و قزح پھیلی ہوئی ہو بہت ہی اچھا احساس ہوتا پڑھتے ہوئے ۔
بلاگ پر آمد کا اور پسندیدگی کا بہت بہت شکریہ
Delete