Thursday, 26 September 2013

September 26, 2013

Imran Khan Foundation IKF
عموماً  ہماری زیادہ تر عوام سیاستدانوں سے متنفر ہی رہتی ہے کیونکہ وہ عوام کو سبز باغ دکھا کر اعوان اقتدار کی نرم کرسیوں پر بیٹھ کر اپنی رعایا کو اکثر بھول جاتے ہیں۔ پاکستانی سیاستدانوں کا زیادہ تر وقت دوسری سیاسی پارٹیوں کے ساتھ لڑائی جھگڑوں میں ہی گزر جاتا ہے اور وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ جنہوں نے ہمیں منتخب کرکے یہاں بھیجا ہے اُن کی حالت زار کیا ہے۔ اگر کوئی سیاسی پارٹی اپنی بنیاد پر کوئی اچھا کام کرتی بھی ہے تو وہ بھی ان سیاسی جھگڑوں اور اپنی اپنی مفادات کی تشہیر کی نظر ہوجاتے ہیں اور زیادہ تر عوام ان سے بے خبر رہتی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ ہر سیاسی پارٹی کوئی نہ کوئی چیرٹی ورک کرتی ہوگی مگر اس کو شاید میڈیا اتنا کوریج نہیں دیتا جتنا کہ لڑائی جھگڑوں اور قوم کا مذاق اُڑانے کے لئے اپنا قیمتی وقت صرف کرتا ہے۔ 

سوشل میڈیا کا کردار ہماری روائتی میڈیا سے زیادہ اہم ہے ، فیس بک پر ایک دوست نے ایک ویڈیو دکھائی جس میں سوات کے سیلاب زدگان کے لئے عمران خان فاونڈیشن نے گھر بنا کر دیئے۔ اس طرح کے اور بھی بہت سارے رفاحی کام عمران خان فاؤنڈیشن اور دیگر سیاسی و غیر سیاسی ادارے (جیسے کہ "الخدمت فاؤنڈیشن " وغیرہ)ملک کے بیشتر علاقوں میں سرانجام دے رہے ہیں جو کہ ہماری آنکھوں سے اوجھل ہیں ۔ 2010 ؁ء میں سوات میں جب سیلاب آیا تھا تو اُس وقت بہت کم لوگوں کو وہاں تک رسائی ملی کیونکہ زیادہ تر سڑکیں سیلاب کے ساتھ بہہ گئیں اور وہاں کے مقامی لوگ دور دراز علاقوں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ اُن کے گھر کیا پورے کے پورے گاؤں سیلاب کی نظر ہوگئے اور لوگ بے سروسامانی کی حالت میں ادھر اُدھر جان بچانے لگے اُوپر سے شدید موسم کی تکالیف۔ ایسے موقع پر اگر کوئی انسان کسی کو ایک نوالہ بھی دے دے تو وہ ہمیشہ اس کو یاد رکھتا ہے۔ ہم باشندگان سوات عمران خان اور عمران خان فاؤنڈیشن کے رضا کارجوانوں کے مشکور ہیں جنہوں نے محنت اور محبت کے ساتھ سوات کے عوام کی خدمت کی۔ 

عمران خان فاؤنڈیشن 2010کے سیلاب کے بعد معرض وجود میں لایا گیا، جس کا مقصد سیلاب زگان اور دیگر آفت زدہ علاقوں میں ، فوری مدد، دوبارہ تعمیر اور وہاں کے لوگوں کو سہولیات کی باہم فراہمی ہے۔ یہ فاؤنڈیشن اب ملک بھر کے پچاس سے زیادہ دیہی علاقوں میں سرگرم عمل ہے اور تقریباً بیس لاکھ افراد ان کی خدمات سے مستفید ہورہے ہیں۔ اس فاؤنڈیشن نے سوات کے مدین کے علاقے میں "عمران خان ویلج " کے نام سے کئی دیہات میں سیلاب زدگان کو گھر فراہم کئے اور اس میں مقامی لوگوں نے بھی اُن کا بھرپور ساتھ دیا اور کئی لوگوں نے اس کارِخیر کے لئے اُن کو اپنی قیمتی زمینیں وقف کرکے دیں۔ عمران خان فاؤنڈیشن کا لنک یہاں موجود ہے۔ تفصیلات کے لئے عمران خان فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ ملاحظہ کیجئے۔ درج ذیل یوٹیوب ویڈیو میں سوات کے علاقے مدین میں عمران خان فاؤنڈیشن کی کارکردگی دکھائی گئی ہے۔ملاحظہ کیجئے:
اگر یوٹیوب کی ویڈیو آپ نہیں دیکھ پا رہے تو پھر فیس بک پیج "نون و القلم" پر بھی ویڈیو ملاحظہ کر سکتے ہیں۔



0 comments:

Post a Comment